23 مئی 2020 - 10:12
فلسطین کی آزادی کے لئے رہبر انقلاب اسلامی کی کاوشوں کی قدردانی

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام رہبر معظم ، ایرانی حکومت اور ایرانی عوام کے قدرداں اور شکر گزار ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین کی تنظیم برائےعوامی محاذ آزادی کے ڈپٹی سکریٹری جنرل ابو احمد فؤاد نے کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یوم قدس کے موقع پر اپنے خطاب کے ذریعہ ایک بار پھر دنیا کی توجہ مسئلہ فلسطین کی طرف مبذول کرائی ہے اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ 

ابواحمد فؤاد نے المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کی آزادی کے لئے ایسا نقشہ راہ مرتب کیا جو استقامت پر مشتمل ہے اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق ہے۔

ابو احمد فؤاد نے بعض عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات برقرار کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب قومیں اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات برقرار کرنے کے خلاف ہیں بعض عرب حکمراں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں لیکن انھیں عرب عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ ابو احمد فود نے فلسطینی صدر کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدوں کو منسوخ کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی ان معاہدوں کو فلسطینی عوام کے مفادات کے خلاف سمجھتے تھے اور یہ معاہدے مکر و فریب اوردھوکے پر مبنی تھے۔

انہوں نےفلسطین کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے مؤقف کو فلسطینی عوام کی امیدوں، امنگوں اور مطالبات کے مطابق قرار دیا ہے۔